Saturday, July 9, 2011

Effective Folk Tips for General Health. حفظان صحت کے دہقانی اصول

ہمارے کسان معاشرے میں ایک پنجابی اکھان مشہور ہے۔ جو اپنی افادیت اور تاثیر کے حوالے سے بے مثال ہے۔
اکھان یہ ہے
چیتر وساکھ بھنویے جھنویے
جیٹھ ہاڑ سنویے
ساون بھدروں ناویے
اسوں کتیں تھوڑا تھوڑا کھاویے
تے حکیم پچھن نہ جاویے
ترجمہ: چیت اور بیساکھ کے مہینے خوب گھومیں پھریں، جیٹھ اور ہاڑ کے مہینے زیادہ سوئیں، ساون اور بھادوں میں زیادہ نہائیں اور اسوج کاتک کے مہینوں میں تھوڑا تھوڑا کھائیں اور حکیم کا پتہ پوچھنے نہ جائیں۔
راقم الحروف نے جب اپنی ایک بزرگ خاتون سے یہ نسخہ سنا تو ان سے سوال کیا کہ اس میں‌ سردیوں کے چار مہینے مگھر، پوہ، ماگھ اور پھاگن شامل نہیں ہیں تو انہوں نے کہا کہ ان مہینوں میں جو کھائیں وہ تن بدن کو لگتا ہے عمومی طور پر لوگوں کی صحت خراب نہیں ہوتی۔ بہار گرمی اور خزاں کے آٹھ مہینے معدے پر بھاری ہوتے ہیں ہاضمے کی خرابی سارا نظام صحت خراب کرتی ہے۔ راقم الحروف نے صدیوں کے آزمائے اور مانے ہوئے اس قول پر خود کئی سال تک عمل کیا اور صحت پر اس کے بیش بہا مثبت اثرات محسوس کیے۔ آپ بھی آزمائیں اور اپنا صحت کا بجٹ کم کریں۔ ساون کا مہینہ شروع ہونے میں صرف چند دن باقی ہیں۔ دو ماہ تک روزانہ 3/4 بار غسل کریں اور دیکھیں قدرت الہی کے کرشمے۔
خیر اندیش خلائق
ظہیر باقر بلوچ

Friday, July 1, 2011

ہیضہ اور متلی سے بچاؤ کا غذائی سیف گارڈ



ہمارے دوست نوشاد عالم چشتی زمانہ طالب علمی میں مرچ بہت شوق سے کھاتے تھے۔ راقم الحروف جب مرچ کے نقصانات بتاتا تو وہ اس کے فوائد بتاتے۔ ایک دن تازہ سبز مرچ کھانے کے ساتھ تناول فرما رہے تھے کہ میں ان کے کمرے میں جا پہنچا مجھے دیکھتے ہی کہا سبز مرچ کے بیج کا ایک دانہ اگر انسان کی غذا میں شامل ہو تو ہیضہ نہیں‌ ہونے دیتا۔ ان کی اس بات کو میں نے پلے سے باندھ لیا۔ آج اس بات کو بیس سال ہونے کو آئے ہیں میں نوشاد بھائی کی بتائی ہوئی اس بات کی بدولت کبھی ہیضہ کا شکار نہیں ہوا۔ اس مرض کا حملہ اکثر گرمیوں‌ کے موسم میں ہوتا ہے۔ یہ نہیں کہ میں سبز مرچ بہت کھاتا ہوں۔ میں نے سبز مرچ کے بیچ کو ہیضہ کے کنٹرول کی دوا کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ ہیضہ کی سب سے پہلی علامت یعنی متلی کے ظاہر ہوتے ہی ایک سبز مرچ کاٹ کر اس کا بیج نکالتا ہوں اور منہ میں ڈال کر پانی کے گھونٹ سے نگل لیتا ہوں۔ طبیعت فوری طور پر بحال ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ یہ ہیضے کا ایک سیف گارڈ ہے جسے متعدد بار اپنے اور دیگر مریضوں پر آزمایا گیا ہے ہمیشہ اس کے نتیجے میں لوگوں‌ کو ہیضے سے شفائے کاملہ ملی ہے۔ آپ بھی آزمائیں اور میرے حق میں دعائے خیر کریں۔
خیر اندیش خلق
ظہیر باقر بلوچ